Events Details

Events Details

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام صوبائی سطح پر سالانہ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلہ جات

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام صوبائی سطح پر سالانہ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلہ جات پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد لاہور: (5فروری)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام صوبائی سطح پر سالانہ ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلہ جات میں تحصیل، ضلع اور ڈویژنل سطح پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد صوبائی سطح پر پوزیشنز حاصل کرنے والے 135 طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔مقابلوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کے شعبے میں حُسنِ قرأت، نعت خوانی، سیرت النبی ﷺ کوئز اور تقریری مقابلے شامل تھے جبکہ کھیلوں میں ٹیبل ٹینس، والی بال، بیڈمنٹن اور لانگ جمپ کے مقابلہ جات منعقد کیے گئے۔ تقریب میں صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مدثر ریاض ملک تقریب میں بطور گیسٹ آف آنر شریک ہوئے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن شاہد فرید نے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز کو تقریب آمد پر خوش آمدید کہا۔اور پیف طلبا و طالبات نے مہمانوں کا پُرجوش استقبال کیا اور اپنی کامیابیوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ تقریب کے دوران پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں کیش پرائز بھی تقسیم کیے گئے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں 1 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والوں میں 75 ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں میں 50 ہزار روپے کیش پرائز تقسیم کیے گئے۔اسی طرح صوبائی سطح پر کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مجموعی نتائج کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سکول کو 5 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے سکول کو 3 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے سکول کو 2 لاکھ روپے بطور کیش انعام دیے گئے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایسے قابلِ تحسین اقدامات کے ذریعے طلباء کی صلاحیتوں کو اجاگر کر رہی ہے، جو مستقبل کے باصلاحیت اور بااعتماد نوجوانوں کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوں گے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مدثر ریاض ملک نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا طلبہ کی شخصیت سازی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے پیف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلہ جات بچوں میں خود اعتمادی، نظم و ضبط اور مثبت مقابلہ جاتی رجحان پیدا کرتے ہیں۔

Views: 0